کراچی + لاہور (این این آئی + رائٹرز + خبر نگار) قومی ایئرلائن کا طیارہ مسقط ایئرپورٹ پر خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا۔ سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز پی کے 259 کی مسقط ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس پر کپتان نے کنٹرول ٹاور سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ ہنگامی لینڈنگ کے دوران بوئنگ طیارے 737 کے لینڈنگ گیئر ٹوٹ گئے، کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو خوفناک حادثے سے بچایا۔ طیارے میں سوار 105 مسافروں سمیت تمام عملہ محفوظ رہا لیکن طیارے کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جس کے باعث مسقط ایئرپورٹ کا رن وے بند ہو گیا۔ اس ضمن میں ایم ڈی پی آئی اے محمد جنید یونس نے بتایا کہ لینڈنگ کے دوران جہاز 130 ناٹیکل میل کی سپیڈ پر تھا جس پر کپتان ایم جاوید نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسانی جانوں کو بچایا ہے۔ رائٹرز کے مطابق مسقط ایئرپورٹ کے فلائٹ سیفٹی ڈائریکٹر علی الزویدی نے بتایا کہ طیارے کا لینڈنگ گیئر خراب ہونے کے باعث اسے کریش لینڈنگ کرنا پڑی، ایئرپورٹ کو تحقیقات مکمل ہونے تک پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ خبر نگار کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ بوئنگ 737 کے لینڈنگ گیئر میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی مگر طیارے کے کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اتار لیا، طیارے میں سوار تمام 105 مسافر محفوظ رہے۔ مسقط سے واپس آنے والی پرواز PK260 تاخیر کا شکار ہوئی۔ پی آئی اے نے اس پرواز کےلئے متبادل طیارہ مسقط بھجوا دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے انجینئرز کی ٹیم طیارہ کا معائنہ کرنے کےلئے مسقط روانہ ہو گئی ہے۔
ہنگامی لینڈنگ
پی آئی اے کے طیارے کی مسقط ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ، مسافر محفوظ رہے
Feb 12, 2013