ایٹمی میزائل حتف 9 نصر کا کامیاب تجربہ‘ تیزرفتاری کے باعث انتہائی خطرناک ہے : دفاعی ماہرین


راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے زمین سے زمین پر کم فاصلے تک مار کرنےوالے حتف 9” نصر“ میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی پریس ریلیز کے مطابق یہ میزائل زمین سے زمین پر 60 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے علاوہ ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے ۔ شارٹ رینج حتف 9 نصر میزائل کا تجربہ ملٹی ٹیوب لانچر سے کیا گیا ملٹی ٹیوب لانچر سے دو میزائل اپنے ہدف پر داغے گئے جنہوں نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ میزائل تجربے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں ، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد احمد قدوائی، چیئرمین نیسکام محمد عرفان برنی ، کمانڈر آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل طارق ندیم گیلانی اور مسلح افواج کے سینئر عہدیدار ، سائنسدان اور سٹرٹیجک آرگنائزیشن کے انجینئرز بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل خالد شمیم وائیں نے کہا مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں ۔ انہوں نے میزائل کا معائنہ کیا اور کامیاب تجربے پر انجینئرز، سائنسدانوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری اور وزیراعظم نے شارٹ رینج میزائل نصر کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں ، انجینئرز ، فوجی افسران اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اے پی پی کے مطابق یہ فوری ردعمل کا حامل نظام ہے جو پیدا ہونے والی صورتحال میں خطرات کے خلاف موثر دفاع کو یقینی بناتا ہے۔ نصر تمام معروف اینٹی ٹیکٹیکل میزائل ڈیفنس سسٹمز کو شکست دینے کے لئے خصوصی طور پر وضع کیا گیا ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق نصر انتہائی تیزی کے ساتھ داغے جانے کی ٹیکنالوجی سے لیس ملٹی ٹیوب میزائل ہے، نصر میزائل نظام کا مقصد کم فاصلے کے خطرات اور اہداف سے نمٹنا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق نصر میزائل اپنی تیز رفتاری کے باعث دشمن کی بکتر بند گاڑیوں، ٹینکوں اور نچلی پرواز کرنے والے طیاروں کے لئے انتہائی مہلک ہے۔ دفاعی ذرائع اسے بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے خطے میں پائیدار امن کی ضمانت اور ہر قسم کے خطرات کو ناکام بنانے کے لئے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں ایک بڑا اضافہ ہے۔
میزائل / تجربہ

ای پیپر دی نیشن