ق لیگ کا چراغ بجھانے کے لئے پھونکیں مارنے والے منہ چھپاتے پھریں گے: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی رپورٹر) ضلع ساہیوال سے پنجاب اسمبلی کے دو سابق امیدواروں اور رہنماﺅں سمیت متعدد سابق ناظمین نے اپنے متعدد قریبی ساتھیوں سمیت (ق) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی سے انہوں نے گذشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر وزیر مملکت نعمان لنگڑیال کی قیادت میں ملاقات کی۔ شمولیت اختیار کرنیوالوں میں ملک محمد اسلم ڈھکو، میاں جاوید سہیل رحمانی، چودھری ظفر سابق ناظمین معراج خاں کھیتران، رانا محمد خاں، محمد ظہور خاں، ملک محمد الطاف، محمد عباس خاں بلوچ اور خالد نواز نمبردار بھی شامل تھے۔ ان رہنماﺅں نے شجاعت حسین، پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کی قیادت پر مکمل اعتماد کیا۔ اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ (ق) لیگ کے چراغ کو بجھانے کیلئے پھونکیں مارنے والوں کے اپنے چہرے بری طرح جل جائیں گے اور آئندہ الیکشن کے بعد وہ منہ چھپاتے پھریں گے۔ ہمارا اور ہماری پارٹی کا مقصد و محور عوام باالخصوص غریبوں کی خدمت ہے، ہم نے پنجاب میں جتنے بھی منصوبے اور فلاحی پروگرام بنائے ان کا سب سے زیادہ فائدہ عام آدمی کو پہنچا۔ علاوہ ازیں چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے نائب صدر عرفان بسرا کی قیادت میں یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد نے لاہور بار کے انتخابات میں (ق) لیگ کی جانب سے بھرپور سپورٹ پر دلی شکریہ ادا کیا۔ وفد میں مسلم لیگ لائرز ونگ کے صدر رافع احمد خان، نائب صدور مجتبیٰ کاظمی اور عظمت سندھو بھی شامل تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن