غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے ایٹمی تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک کامیاب اور محفوظ قرار دیا ہے۔ شمالی کوریا میں آنے والے زلزلے کے باعث جنوبی کوریا، جاپان اور امریکہ کا کہنا تھاکہ یہ زلزلہ ایٹمی دھماکے کی وجہ سے ہوا۔ اس تجربے پر جنوبی کوریا سمیت امریکہ اور جاپان بھی چیخ اٹھے ہیں۔ اس سے قبل شمالی کوریا دوہزار چھ اور دوہزار نو میں ایٹمی تجربہ کرچکا ہے۔ امریکہ اور اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر گذشتہ برس دسمبر میں میزائل تجربہ کرنے پر پابندیاں بھی عائد کردی تھیں۔ تاہم اسکے باوجود شمالی کوریا نے اپنا ایٹمی اور میزائل پروگرام کو فروغ دینے کا کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیاتھا۔ آج اقوام متحدہ کی پابندیوں کو روندتے ہوئے انہوں نے تیسرا ایٹمی تجربہ بھی کرلیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے اس صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیاہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق شمالی کوریا کا ایٹمی تجربہ بین الاقوامی امن کیلئے براہ راست خطرہ ہے۔