شہباز شریف کا فضائیہ کالج فار وومن کی پوزیشن ہولڈرز کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی سمیت دیگر سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ اجتماعی دانش، بصیرت اورکاوشوں سے ملک کو تمام مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ناگزیر ہے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہوچکی ہے،پاک افواج جرأت اور بہادری سے وطن،امن اورانسانیت کے دشمنوں کا مقابلہ کررہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بندوق کی گولی کے ساتھ تعلیم کی گولی بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے، تعلیم عام کر کے معاشرے سے انتہاء پسندی کے رجحانات کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، ہماری آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے،معاشرے میں رواداری،تحمل،برداشت اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،فضائیہ کالج آف ایجوکیشن فاروومن قوم کی بیٹیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردارادا کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے فضائیہ کالج آف ایجوکیشن فار وومن کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کالج کیلئے ماڈرن ملٹی میڈیا کمپیوٹر لیب اور پوزیشن ہولڈرزطالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان بھی کیا۔ چیف آف دی ائیرسٹاف ائیرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ، وائس چانسلر ائیریونیورسٹی فائز امیر، پاکستان ایئر فورس وومن ایسوسی ایشن کی صدربیگم شہلا طاہر بٹ،پاک فضائیہ کے افسران، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہو داحمد، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن، سیکرٹری اطلاعات اور طالبات کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ سیاسی، عسکری قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف بھر پور جنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری ’’ضرب عضب‘‘ آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پشاور کے سکول میں معصوم بچوں کو جس بربریت کا نشانہ بنایا گیا اسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...