سیالکوٹ: بجوات سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ، گولہ باری، ایک پاکستانی شہری شہید

Feb 12, 2015

سیالکوٹ (نامہ نگار)سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن پر بھارتی جنگی جنون جاری ہے، بجوات سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز نے فائرنگ وگولہ باری کی جس سے ایک پاکستانی شہری شہید ہوگیا۔ بھارتی فورسز نے پاکستانی سرحدی دیہاتوں کو نشانہ بنایا جو رواں ماہ کے دوران بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ وگولہ باری کاساتواں واقعہ ہے۔ بجوات سیکٹر پر ہونے والی بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کے دوران ایک بھارتی مارٹر گولہ ورکنگ بائونڈری لائن پر واقعہ پاکستانی دیہات کلیاں میں ایک گھر میں آکر گرا جس سے قدیر نامی شہری شدید زخمی ہوگیا جو بعدازاں شہید ہوگیا ۔ بھارتی فائرنگ کی وجہ سے پاکستانی دیہاتوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ ادھر سجیت گڑھ سیکٹر پر پاکستانی سرحدی چوکی سجیت گڑھ پر بھارتی سکیورتی فورسز نے اپنی ناوا پوسٹ سے فائرنگ کی جبکہ سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن پر واقعہ پاکستانی دیہاتوں عمرانوالی، مہندوال اور ٹھٹھی سمیت دیگر دیہاتوں پر بھی فائرنگ وگولہ باری کی۔ پاکستان چناب رینجرز نے بھارتی سیکورٹی فورسز کو منہ توڑ جواب دیا۔

مزیدخبریں