اسلام آباد (صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی نے پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ کی مبینہ تبدیلی کے خلاف 17 فروری کو کل جماعتی کانفرنس کے لئے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ یہ اے پی سی اسلام آباد میں ہو گی۔ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سنیٹر زاہد خان نے بتایا کہ گوادر کاشغر روٹ میں تبدیلی کسی صورت قبول نہیں ہے، خیبر پی کے اور بلوچستان کے اس پر شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے بتایا دونوں صوبوں کی سیاسی، دینی اور قوم پرست جماعتوں کے قائدین کو اے پی سی میں مدعو کیا جا رہا ہے، بیشتر سیاسی جماعتوں سے رابطے ہوئے ہیں۔ قانونی ماہرین سے بھی مشاورت کرتے ہوئے حقائق اور اعداد و شمار جمع کئے گئے ہیں اور صوبے کا مضبوط مقدمہ تیار کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، قومی وطن پارٹی، جمیعت علماء اسلام (ف) کے مختلف رہنمائوں سے رابطے ہوئے ہیں۔ اصل روٹ کے تحت منصوبے کی تکمیل سے وفاق مضبوط بلوچستان، خیبر پختونخوا، فاٹا اور خود پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو فائدہ ہوگا۔