اسلام آباد (آن لائن) وفاقی بیورو کریسی میں اہم تقرریاں اور تبادلے عمل میں آئے ہیں جس کے تحت کراچی کے سابق کمشنر شعیب احمد صدیقی کو سپیشل وفاقی سیکرٹری داخلہ مقرر کردیا گیا ہے۔ سٹیبلشمنٹ ڈویژ ن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وفاقی سیکرٹریزکی سطح پراعلیٰ سرکاری حکام کے تبادلے اورتقرریاں عمل میں آئی ہیں جس کے تحت گزشتہ کئی برسوں سے وفاقی سیکر ٹری داخلہ کے عہدے پرکام کرنے والے شاہد خان کوسیکرٹری ایوان صدرتعینات کردیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی عارف احمد خان کو سیکرٹری برائے داخلہ لگا دیا گیا ہے۔ سائیں سرکارکے عتاب کا شکارہونے والے سابق کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کوگریڈ 22 میں ترقی دیدی گئی ہے اور اب وہ نئے سپیشل سیکرٹری داخلہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب احمد صدیقی کوکراچی آپریشن میں بہتر کارکردگی پر وفاقی سیکرٹری داخلہ لگایا گیا ہے جبکہ سائیں سرکار نے انہیں کمشنرکراچی کے عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا تھا لیکن وزیر اعظم نواز شریف نے انہیں ترقی دے دی۔