اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کر لیا، شہباز شریف: پنجاب اکنامک کونسل بنانے کا فیصلہ

Feb 12, 2016

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) مشرق وسطی کے صدر چودھری نورالحسن تنویر کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔ پنجاب حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمشن تشکیل دیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے پر عزم ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی گئی ہیںکیونکہ ہیلتھ سروسز کے نظام کو بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کے لئے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو ڈاکٹروں کی تربیت ، جدید کورسز اور سپیشلائزیشن کے امور پر سفارشات پیش کرے گی۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کا کام تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے۔ اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کا کام مکمل ہونے سے پٹوار کلچر کا خاتمہ ہوا ہے۔ پنجاب حکومت کا یہ اہم اقدام کرپشن کے خاتمے اور عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ لینڈر یکارڈ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کے لئے وزیراعلیٰ نے مزید سٹاف کی بھرتی کی بھی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے سے عوام کو ایک ہی چھت تلے اراضی کی دستاویزات کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ مستقبل میں منصوبے پر عملدرآمد کیلئے خودمختار اور آزاد اتھارٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے اور اربن لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے جامع فریم ورک مرتب کرکے حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ اس منصوبے میں نااہل اور کرپٹ عملے کی کوئی گنجائش نہیں۔ نااہل اور کرپٹ عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ انٹی کرپشن میں بھی کیس چلایا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز ملک کے معروف صنعتکاروں اور ماہرین معاشیات کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں معیشت اور سرمایہ کاری کے فروغ ، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں اڑھائی برس کے دوران معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے۔ توانائی بحران کے خاتمے، معیشت کی مضبوطی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کئے گئے عملی اقدامات اور کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں۔ اس ضمن میں اکنامک کونسل بنانے کا فیصلہ کیا ہے اوریہ کونسل ایک مستقل ادارہ ہو گی۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو ترقی، خوشحالی اور خود کفالت کی منزل کے حصول کے لئے تیز رفتاری سے عملی اقدامات کئے جائیںاور اس مقصد کے لئے مربوط روڈ میپ وضع کرکے آگے بڑھنا ہو گا۔

مزیدخبریں