اسلام آباد (جاوید صدیق) مفتی اعظم فلسطین مفتی محمد احمد محمد حسین نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین دو ایسے عالمی مسائل ہیں جو ابھی تک حل طلب ہیں۔ ان دونوں مسائل پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں لیکن یہ حل نہیں ہو رہے۔ مفتی اعظم فلسطین گزشتہ شام یہاں فلسطین کے سفیر ولید ابوعلی کی طرف سے دیئے گئے میں نوائے وقت سے بات چیت کر رہے تھے۔ مفتی اعظم فلسطین نے کہا مجھے معلوم ہے فلسطین کا مسئلہ ہر پاکستان کے دل میں ہے اور ہر پاکستانی فلسطین کے مسئلہ پر اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ مفتی اعظم فلسطین نے کہاکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ عالم اسلام میں اتحاد کا فقدان ہے جس کی وجہ سے کشمیر اور فلسطین کے مسئلے حل نہیں ہو پائے۔ اس سے قبل استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اعظم نے کہا کہ یہاں اسلامی دنیا کے سفیر بھی بیٹھے ہیں ان سے پوچھتا ہوں کہ وہ بتائیں کہ عالم اسلام میں اعتماد کیوں نہیں ہے۔ مفتی اعظم فلسطین نے کہا کہ یہودی قبلہ اول مسجد اقصیٰ کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ایک حصہ یہودیوں کی عبادت گاہ بن جائے اور دوسرا مسلمانوں کی مسجد ہو وہ فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز بھی نہیں ادا کرنے دیتے۔ مفتی اعظم نے کہا عالم اسلام متحد ہوا تو فلسطین آزاد ہو گا اور یروشلم ان شاء اﷲ اس کا دارالحکومت ہو گا۔ اس سے قبل فلسطین کے سفیر ولید ابو علی نے خطاب کرتے کہا پاکستان کا ہر شہری فلسطین کے مسئلہ پر فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔ مفتی اعظم فلسطین جو پاکستان میں پیغام اسلام کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے تو وزیراعظم نے انہیں سرکاری مہمان کا درجہ دے دیا۔