جڑانوالہ: با اثر افراد نے ریت چھیننے میں ناکامی پر طالبعلم قتل کر دیا، ورثاء کا مظاہرہ

Feb 12, 2016

جڑانوالہ /فیصل آباد(نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی ) تھانہ روڈالہ کے نواحی گائوں نیلنوالہ ریلوے پھاٹک کے قریب با اثر افراد نے ریت چھیننے میں ناکامی پر بی اے کا طالب علم قتل کر دیا ورثاء نے فیصل آباد روڈ جھال چو ک پر لاش رکھ کر کئی گھنٹے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس میں نجی کالج کے سینکڑوں طلباء نے بھی شریک ہو کر پولیس کیخلاف زبردست نعرے لگائے مقتول ارسلان شوکت پولیس اہلکارکا بیٹا تھا۔ ورثا و اہل دیہہ نے پولیس کو 24گھنٹے میں قاتلوں کو گرفتار کرنے کا الٹی میٹم، دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ روڈالہ کے نواحی گائوں چکنمبر 24گ ب کے رہائشی پولیس اہلکار شوکت علی کا جواں سالہ بیٹا بی اے کا طالبعلم ارسلان شوکت اپنے دوستوں کے ہمراہ اپنے زیر تعمیر مکان کے لیے نہر گوگیرہ سے ریت نکال کر واپس گائوں آرہا تھا کے چکنمبر 357گ ب نیلینوالہ ریلوے پھاٹک کے قریب بااثر مسلح افراد نے ان کو روک کر ریت چھیننے کی کوشش کی تو مزاحمت کرنے پر ملزمان نے آہنی راڈز اور کسی کے وار کرکے ارسلان کو بے دردی سے قتل کردیا ورثا نے الزام عائد کیا کہ پولیس کو ایک گھنٹہ قبل اطلاع دی تھی کہ مذکورہ جگہ کے قریب کچھ افراد گن پوائنٹ پر دیگر ریت لیکر جانے واے ڈرائیوروں کو لیجاکر ریت چھینتے ہیں لیکن پولیس نے سنی ان سنی کردی اگر پولیس بر وقت موقع پر پہنچ جاتی تو ہمارا بیٹا بچ جانا تھا۔ورثا نے لاش جھال چوک پر رکھ کر کئی گھنٹے فیصل آباد، ستیانہ روڈ بلاک کردیا اور پولیس کے خلاف شدیدنعرے بازی کی ڈی ایس پی اختر علی وینس اور دیگر حکام نے موقع پر پہنچ کر ورثا کو یقین دلایا کہ وہ ورثا کو مکمل انصاف و تحفظ فراہم کریں گے قبل ازیں پولیس میڈیا کو واقع ٹریفک حادثہ بتاتی رہی جس پر اہل دیہہ مشتعل ہوکر احتجاج پر مجبور ہوگئے۔پولیس تھانہ روڈا لہ نے 6افراد صدی احمد، نصر، جھورا سمیت 3 نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تاحال کوئی ملزم گر فتار نہ ہو سکا۔

مزیدخبریں