اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے سینٹرل ایشین ریجنل اکنامک کوآپریشن (سی اے آر ای سی) یونیورسٹی سمیت 27.741 ارب روپے مالیت کے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ یونیورسٹی پر لاگت کا تخمینہ 9.780 ارب روپے ہے جبکہ ایک منصوبہ ایکنک کو بھیجا گیا ہے۔ منظور کردہ منصوبوں میں 2.248 ارب روپے کی بیرونی معاونت شامل ہے۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور اصلاحات احسن اقبال نے کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ تر قیاتی بجٹ صرف ترقی کیلئے استعمال ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے آر ای سی یونیورسٹی پر 9.780 ارب روپے لاگت آئے گی جس میں 2 ارب روپے کی غیر ملکی امداد شامل ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اس یونیورسٹی کو 21 ویں صدی کی یونیورسٹی بنایا جائے گا تاکہ وہ عالمی سطح پر بہترین یونیورسٹیوں کا مقابلہ کر سکے۔ انہوں نے دو مرحلوں میں یونیورسٹی کی تعمیر کی ہدایت کی تاکہ اس کا پہلا مرحلہ ستمبر 2017ء تک مکمل کر لیا جائے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کی قیادت میں ایک کمیٹی بھی بنائی گئی تاکہ یونیورسٹی کے منصوبہ کو جلد مکمل کیا جا سکے۔