لاہور +مریدکے+شیخوپورہ(خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان آج دوسروں پر الزام تراشیاں کرکے انہیں مجبور کر رہے ہیں کہ وہ ان کے بھی کارنامے عوام کے سامنے عیاں کریں۔ عمران کے والد نے محکمہ اری گیشن میں ملازمت کے دوران ایک مختارنامہ کے ذریعے فیروزوالہ کے علاقہ میں قیمتی زمین اپنے نام کی اور بعد میں وہ عمران خان کو منتقل ہوئی جس کے پیسوں کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی طرف سے بھی آمدن نہ ہونے کے باوجود ملک بھر میں اربوں، کروڑوں کی جائیدادیں اور لاکھوں کے اخراجات کہاں سے کئے جا رہے ہیں، عمران خان کو اس کی منی ٹریل دینا ہو گی۔ موضع طاہر پور جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو میں پختہ سڑک کے افتتاح پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مہنگے علاقہ بنی گالہ میں 36ایکڑ کے قیمتی گھر میں رہنے والے پی ٹی آئی سربراہ دوسروں کے احتساب کی بات کر تے ہیں جبکہ ان کی اپنی جائیدادوں کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گرد بیٹھا ایک شخص ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بیٹا ہے جو چند سالوں میں ملک کا امیر ترین شخص بن گیا اور 9 شوگر ملز لگا لی گئیں۔ دوسری طرف بڑے قبضہ گروپ تشریف فرما ہیں مگر انہیں صرف دوسروں کی برائیاں ہی نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی ترقی روکنا چاہتے ہے اور سی پیک منصوبہ اسے بری طرح چبھ رہا ہے مگر پاکستان میں یہی حال عمران خان کا ہے کہ اگر حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر دوڑا دیا تو ان کی دکانداری ختم ہو کر رہ جائے گی۔ پانامہ ایشو دراصل حکومت کو پریشان کرنے کا ڈرامہ ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آج دنیا بھر کے ادارے بتا رہے ہیں کہ پاکستان 2030 تک معاشی طور پر دنیا کی پہلی 12بڑی معیشتوں میں شمار ہو گا اور ترقی میں ملائشیا، سنگا پور کو بھی پیچھے چھوڑ جائے گا۔ عوام دھڑے بندی کے بجائے خدمت کی سیاست کو ووٹ دیں۔ ہماری حکومت آئندہ انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس وٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے پاک بحریہ نے مشرق و مغرب کی بحری افواج کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کردیا ہے امن 2017ء ایک بڑی بحری مشق ہے جس میں 37ممالک حصہ لے رہے ہیں جو کہ پاکستان کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں امن مشقیں ایک بڑا بحری اجتما ع ہے جس سے پاک بحریہ کی استعداد بڑنے کے ساتھ ساتھ سیکھنے اور علاقائی تعاون کو بھی فروغ حاصل ہو گا جبکہ معاشی نقل و حمل کے لئے محفوظ اور پر امن سمندری ماحول بھی درکا ہے امن مشقوں کے لئے پا ک بحریہ پل کا کردار ادا کر ے گی میری ٹائم دہشت گردہی، منشیات اسمگلنگ نے عالمی توجہ حاصل کرلی جبکہ ٰٰؓؓبین الاقوا می بحری افواج میں تعاون سے میری ٹائم سکیورٹی پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی پاکستان کا بحیرہ عرب کی میری ٹائم سکیورٹی میں بھی اہم کردار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شیخوپورہ کے نواحی علاقہ شامکے بھٹیاں میں وزیر اعلیٰ پنجاب دیہی روڑ پروگرام کے تحت 10کروڑ روپے کی لاگت سے جی ٹی روڑ مریدکے شامکے تا کو ٹ پنڈی داس سڑک کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا چیئر مین ضلع کو نسل را نا احمد عتیق انور ، ارکان اسمبلی را نا افضال حسین ، پیر اشرف رسول ،حسان ریا ض ، یوسی چیئر مین چودھری ارشد ورک ،میڈیا کو آرڈینیٹر ندیم صادق گو رایہ اور عقیل بھٹی نے بھی خطاب کیا۔
عمران کے والد نے مختار نامے سے فیروزوالا کی قیمتی زمین نام کرائی: رانا تنویر حسین
Feb 12, 2017