کراچی (وقائع نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر سے متعلق کیس کے 5مقدمات میں الطاف اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سمیت دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ خصوصی عدالت میں اس سے متعلق چونتیس مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایم کیو ایم لندن کے پروفیسر حسن ظفر عارف، ساتھی اسحاق، امجداللہ اور محفوظ یار خان پیش ہوئے۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے بانی، فاروق ستار سمیت دو سو سے زائد مفرور افراد کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔ عدالت نے مفرور ملزموں کو چھ مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔ خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما سلیم شہزاد کو جیل میں بی کلاس فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے کوئلہ کرپشن ریفرنس کی سماعت میں ملزموں کی عبوری ضمانت سے متعلق آرڈر کی کاپی پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔