کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف قانون دان انور منصور نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر ضرورت مندوں کا مقدمہ بلامعاوضہ لڑتی تھیں‘ انہوں نے دو روز قبل سپریم کورٹ میں بھی ایک غریب خاتون کا مقدمہ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ سینئر قانون دان انور منصور نے بتایا کہ عاصمہ جہانگیر ضرورت مندوں کا کیس بلا معاوضہ لڑتی تھیں خاتون ہوتے ہوئے انہوں نے آمروں کے خلاف سب سے پہلے جدوجہد شروع کی اور وکلا تحریک میں بھی بغیر کسی خوف کے متحرک کردار ادا کیا۔ انور منصور نے بتایا کہ دو روز قبل 9 فروری کو سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت جاری تھی کہ اچانک ایک خاتون کمرہ عدالت میں داخل ہوئیں اور انہوں نے چیف جسٹس کو اپنے کیس سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میں غربت کے باعث وکیل کی فیس ادا نہیں کر سکتیں‘ کمرہ عدالت میں خاتون کی بات ختم ہوئی تو عاصمہ جہانگیر اپنی نشست پر کھڑی ہوئیں اور انہوں نے اعلان کیا کہ ’میں یہ کیس بغیر کسی معاوضے کے خاتون کی طرف سے لڑوں گی۔