مریدکے (نامہ نگار) اکیڈمی کے استاد نے ایک ماہ کی فیس نہ ملنے پر بیمار اور معدے کے مریض طالبعلم کو تشدد کا نشانہ بنا کر بے ہوش کر دیا۔ بھائیوں نے اکیڈمی پہنچ کر بے ہوش بھائی کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔ اکیڈمی کے استاد اور پرنسپل کے خلاف تادیبی کاروئی کی جائے۔ اہل خانہ نے تھانہ سٹی پولیس کو درخواست دے دی۔ بتایا جاتا ہے کہ محلہ مبارک آباد کا رہائشی دسویں کلاس کا طالبعلم علی ذیشان جو پچھلے تقریبا ایک ماہ سے ٹیوشن پڑھنے کیلئے بھی اپنی بیماری کی وجہ سے اکیڈمی نہ جا سکا کو مبینہ طور پر گزشتہ روز برہان اکیڈمی آتے ہی ٹیچر آصف نے پڑھنے کی بجائے ایک ماہ کی فیس کا پوچھا تو طالبعلم کے مطابق اس نے بتایا کہ میں معدے کی مرض میں مبتلا تھا اور آ پریشن کی وجہ سے اکیڈمی بھی نہیں آسکا پھر بھی کل فیس لے آئوں گا آج پڑھنے دیں لیکن استاد نے اس پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش شروع کر دی۔ طالبعلم چلاتا رہا کہ میرا آپریشن ہوا ہے ابھی زخم ہیں مجھے نہ ماریں مگر جب اسکی حالت غیر ہو گئی تو اہل خانہ کو فون کرکے بلایا جنہوں نے تشدد کی وجہ پوچھی تو ٹیچر آصف اور پرنسپل دانش نے اسکے بھائیوں فیصل اور عبدالرئوف کو بھی برا بھلا کہہ کر اکیڈمی سے نکال دیا۔ دونوں اپنے بھائی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں گھر لے گئے مگر اسکی طبیعت نہ ٹھیک ہونے پر اسے مریدکے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا جہاں رات گئے تک اسکی حالت تشویشناک تھی۔ اکیڈمی کے پرنسپل سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو اکیڈمی بند ہونے کی وجہ سے رابطہ نہ ہو سکا۔
مریدکے: نجی اکیڈمی کے استاد کا فیس نہ لانے پر بیمار طالب علم پر تشدد، حالت تشویشناک
Feb 12, 2018