اسلام آباد، سانگلہ ہل (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے حالات کو کشیدہ کرنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بڑھتی جارحیت کسی بڑے تصادم کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ چند رپورٹس کے مطابق بھارت ایل او سی پر ٹینک شکن میزائل نصب کر رہا ہے جو کہ خطے میں جنگی کیفیت کو ہوا دینے کے مترادف ہے، انہوں نے عالمی برادری سے بھارت کی جانب سے جارحیت پر مبنی ان اقدامات کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے انتہائی اقدامات خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے بھارت نے ایل او سی پر جارحیت کو ایک معمول کی کارروائی بنا لیا ہے اور صرف ایک سال میں بھارت نے سینکڑوں مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی اور درجنوں شہریوں کو شہید کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی افواج ایل او سی پر بھارتی جاریت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اچھی طرح اندازہ ہے کہ اس کی کسی بھی قسم کی شرارت کا کیا نتیجہ نکلے گا۔