لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگلا وزیراعظم چیف جسٹس کے کہنے پر نہیں نوازشریف کے کہنے پر بنے گا تاہم چیف جسٹس نے جس خواہش کا اظہار کیا اللہ کرے وہ پوری ہو۔ اتوار کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صاف پانی ازخود نوٹس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نیا وزیراعظم چیف جسٹس کے کہنے پر نہیں نوازشریف کے کہنے پر بنے گا تاہم چیف جسٹس نے جس خواہش کا اظہار کیا اللہ کرے وہ پوری ہو، جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان نے پنجاب حکومت کی تعریف کی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی عدالت میں پیشی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عدالتوں کے بارے میں کوئی بیان بازی نہیں کر رہے۔ ہم اداروں کی عزت کرتے ہیں اور فیصلوں پر تنقید ہمارا حق ہے۔ مسلم لیگ (ن) عدلیہ کے وقار پر یقین رکھتی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کسی بھی معاشرے میں انصاف کی فراہمی کا ممکن بنانا سب سے ضروری ہے جس کے بعد صاف پانی کی فراہمی کا معاملہ آتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ عدالت کی جانب سے جس کی نشاندہی ہوگی اس کے بعد ممکن بنائیں گے کہ خامیوں کو دور کیا جائے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ایسے لوگ بھی ہیں جو اعلیٰ عدالت کے ریمارکس کو اپنے گھٹیا سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ کسی بھی پیشرفت میں ایسی بات نہیں ہونی چاہئے کہ مخالفین اسے پراپیگنڈا کے لئے استعمال کریں۔رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتی تو وزیراعظم کا فیصلہ چیف جسٹس نہیں نوازشریف کی خواہش پر ہوگا۔ چیف جسٹس نے مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔ اللہ کرے کہ چیف جسٹس کی یہ خواہش پوری ہو۔ مسلم لیگ (ن) جیتی تو چیف جسٹس کی یہ خواہش نوازشریف کے سامنے رکھی جائے گی۔ آن لائن کے مطابق ترجمان سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا آئندہ حکومت بھی مسلم لیگ (ن) کی ہونے سے متعلق چیف جسٹس سے منسوب بیان غلط اور بے بنیاد ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ اعلامیے میں سپریم کورٹ کے ترجمان نے رانا ثناء اللہ کے بیان کو جھوٹا، غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ این این آئی کے مطابق شوکت بسرا نے کہا کہ رانا ثناء نے چیف جسٹس کا نام لے کر جھوٹ بولا عدالت ان کے خلاف کارروائی کرے۔ میں خود بھی عدالت میں تھا‘ چیف جسٹس نے شہبازشریف کے وزیراعظم بننے کی بات نہیں کی۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے بھی کہا کہ رانا ثناء نے جھوٹ بولا‘ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہیے۔
آئندہ وزیراعظم: الیکشن جیتے تو چیف جسٹس کی خواہش نوازشریف کے سامنے رکھیں گے: رانا ثنائ‘ جسٹس ثاقب سے منسوب بیان غلط ہے: ترجمان سپریم کورٹ
Feb 12, 2018