اسلام آباد ( آن لائن)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملکی حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ تیسری سیاسی قوت نیا پاکستان بنائے گی۔ وطن واپس آ کر لیگی دھڑوں کی طاقت سے بننے والی تیسری سیاسی قوت کی قیادت کروں گا۔ 2018ء کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ اے پی ایم ایل میں کوئی بدنام، چور، ڈاکو اور لٹیرا نہیں۔ حلال کھائیں گے اور پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔ پچھلے دس برسوں میں ملک میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ عوام کی طاقت سے چوروں اور لٹیروں کو اقتدار میں آنے سے روکیں گے۔ پیسے کی سیاست کا خاتمہ کر کے ملک کو لوٹ کھسوٹ سے بچائیں گے۔ اسلام آباد میں ویڈیو لنک کے ذریعے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا آل پاکستان مسلم لیگ پورے ملک کی جماعت ہے جس میں بلاتفریق سارے عوام بالخصوص اقلیتی برادری، خواتین، نوجوان، مزدور، کسان اور ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے اور بعد کے ادوار کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے دور میں غریب، محنت کش اور کسان طبقہ خوشحال ہوا اور غربت میں کمی ہوئی، پاکستان عروج پر تھا۔ صنعتیں فعال اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا تھا، ملک میں سرمایہ کاری آ رہی تھی۔ ملک بھر میں ترقیاتی کام ہو رہے تھے۔ دفاع مضبوط تھا، کسی کو ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں تھی۔ خطے میں امہ سمیت پوری دنیا میں ایک رتبہ تھا۔ اب ہر جگہ تباہی نظر آتی ہے۔ دس سال میں ملک کی کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ مہنگائی آسمان پر، عوام بدحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برسوں میں پاکستان کو بے ایمان، ڈاکوئوں، چوروں اور لٹیروں نے بے دردی سے لوٹا، عوام کو غربت کے سوا کچھ نہیں ملا، پیسے دے کر ووٹ خریدنے والے عوام کو کچھ نہیں دیتے۔ انہوں نے تیسری سیاسی قوت کے لئے مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو ایک جھنڈے تلے جمع ہونے کی تجویز دی اور کہا کہ پیسے کی سیاست بند اور اپنے زور بازو پر آگے بڑھنا ہو گا۔ کرپٹ لوگ پھر منتخب ہو گئے تو ملک کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر محمد امجد نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور ان کے ساتھی چور، لٹیرے ہیں جو ملک کو لوٹتے اور بیرون ممالک سے تنخواہیں لیتے ہیں، ضرورت پڑنے پر سپریم کورٹ کا سہارا لیتے ہیں اور مرضی کا فیصلہ نہ آنے پر ججز کو گالیاں دیتے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق کی گود میں پلنے والے آج فوج کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔ فوج کو مداخلت کا شوق نہیں، سیاستدان خود موقع دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لئے اپنی بیٹی مریم نواز کو آگے کر دیا ہے۔ مریم کے مقابلے کیلئے ہمارے پاس مہرین آدم ہیں۔ شریف برادران کے لئے پرویز مشرف ہی کافی ہیں۔اے پی ایم ایل کی سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جلسہ ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو کہتے تھے پرویز مشرف کا کوئی مستقبل نہیں۔ اے پی ایم ایل کے مرکزی آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری نے جلسہ سے خطاب کے دوران اتوار کو پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی سے شرکاء کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اجلاس میں ڈاکٹر محمد امجد کو صدر اور مہرین آدم ملک کو آل پاکستان مسلم لیگ کا مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ہے جبکہ مرکزی، صوبائی اور اوورسیز چیپٹرز کے عہدیداران کے چنائو کا اختیار اے پی ایم ایل کے چیئرمین پرویز مشرف کو دیدیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق پرویز مشرف کے خطاب کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے ویڈیو لنک سے رابطہ منقطع ہوگیا جس کی وجہ سے سابق صدر کو اپنا خطاب ادھورا چھوڑنا پڑا جبکہ پرویز مشرف کے خطاب کے دوران ہی لوگوں نے جلسہ گاہ سے جانا شروع کردیا جس کی وجہ سے پنڈال میں لوگوں کی تعداد بہت کم رہ گئی۔