’’خدا کی بستی‘‘ کے راجہ‘ قاضی واجد انتقال کر گئے‘ کراچی میں سپرد خاک

Feb 12, 2018

کراچی، لاہور (سٹاف رپور ٹر+خصوصی رپورٹر+خبرنگار)سینئر ٹی وی آرٹسٹ قاضی واجد مختصر علالت کے بعد 87 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ انہیں گزشتہ روز طبیعت کی خرابی کے باعث نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔قاضی واجد نے ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کا شمار ریڈیو انڈسٹری کے بانیوں میں ہوتا ہے۔ قاضی واجد کو 1988ء میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا۔انہوں نے سٹیج ڈراموں میں بھی حصہ لیا تاہم ٹی وی ان کی پہچان بنا۔ ملک میں ٹیلیویژن کی آمد کے بعد خدا کی بستی میں راجہ کا یادگار کردار ادا کیا، جبکہ ان کے مشہور ڈراموں میں کرن کہانی، آنگن ٹیڑھا، تعلیم بالغاں، دھوپ کنارے، تنہائیاں سمیت دیگر شامل ہیں۔قاضی واجدنے لاتعداد ڈراموں کے علاوہ چند فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کی صاحبزادی فضیلہ قیصر بھی اداکاری کے شعبے سے و ابستہ ہیں۔قاضی واجد کو اردو ادب سے بھی بے حد لگائو تھا اور وہ اکثرادبی محفلوں میں شرکت کرتے تھے۔ اداکار جاوید شیخ نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاضی واجد بہروز سبزواری کے ہمراہ 2 ہفتے قبل سعودی عرب بھی گئے تھے۔ وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا قاضی واجد کے انتقال سے آج ہم ایک عظیم فنکار سے محروم ہوگئے ہیں۔مرحوم کو شوگر‘ بلڈ پریشر کے عوارض لاحق تھے۔ اتوار کی صبح دل کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ جانبر نہ ہوسکے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا قاضی واجد کے انتقال سے اداکاری کا ایک باب ختم ہوگیا۔ خبرنگار کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا مرحوم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ این این آئی کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے تعزیتی بیان میں کہا قاضی واجد نے اپنے فن سے اداکاری کو بام عروج پر پہنچا دیا، قاضی واجد کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، گورنر سندھ، عمران خان نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔قاضی واجد کی نماز جنازہ گلشن اقبال بلال مسجد میں ادا کی گئی جبکہ ان کو عیسیٰ نگری میں کنٹری کلب روڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں جن فنکاروں، دانشوروں، ادیبوں نے شرکت کی ان میں جاوید شیخ، ایوب کھوسہ، قوی خان، منور سعید، بہروز سبزواری، روبینہ اشرف، بشریٰ انصاری، شہزاد رضا، ظہیر خان، شاہد پاشا، اقبال لطیف، نجم الدین شیخ، کاشف گرامی، احمد شاہ، رضوان صدیقی، نیرہ نور کے خاوند شہریار زیدی، عزیز وارثی، انور کمال، ٹیپو عدنان صدیقی، اختر حسنین، محمود احمد خان اور اعجاز فاروقی شامل ہیں۔لیجنڈ اداکار قاضی واجد کا سوئم منگل کو بعد نماز عصر کراچی میں ہوگا۔

مزیدخبریں