لاہو+کوئٹہ+کراچی(سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران+ آن لائن+ سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم سرد ہو گیا۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش سے جاتی ہوئی سردی دوبارہ لوٹ آئی۔ اتوار کو دن بھر سرد ہوائیں چلنے کے علاوہ رات کے اوقات میں لاہور کے مختلف حصوں میں ہلکی بوندا باندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیا تاہم سرد ہواؤں اور ہلکی بارش سے جاتی ہوئی سردی ایک مرتبہ پھر لوٹ آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پی کے اور پنجاب میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پی کے، فاٹا، بالائی پنجاب (راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ،فیصل آباد، لاہور ڈویژن)، اسلام آباد،کشمیر اورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ سوات سے نامہ نگار کے مطابق سوات کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم سرد ہوگیا، لوگوں نے گرم کپڑے دوبارہ استعمال کرنا شروع کر دیئے، سوات کے میدانی علاقوںمیں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہورہی ہے جبکہ پہاڑی علاقوںمالم جبہ، بحرین اور کالام میں گزشتہ دودنوں سے برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے ان علاقوں نے برف کی سفید چادر اُوڑھ لی ہے، تمام پہاڑی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق ساہیوال میں سارا دن ہلکی ہلکی بوندا باندی ہوتی رہی جس سے موسم ٹھنڈا اور خوشگوار ہو گیا۔ گزشتہ چند دنوں سے دھوپ کے بعد موسم میں تبدیلی کی وجہ دوبارہ گرم کپڑے نکل آئے۔ اس بارش کے فصلوںپر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ عارفوالا سے نامہ نگار کے مطابق عارفوالا و گرد ونواح میں تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ جاری بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز کمالیہ شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ سردی کی شدت کے باعث بازار میں خریداروں کی تعداد کم رہی جبکہ چائے اور سوپ کی دکانوں پر رش دیکھنے میں آیا۔بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق بہاولپور میں گزشتہ صبح سے ہی دوپہر تک وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوتی رہی اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں جس کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا۔ آن لائن کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ شمالی بلوچستان میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کوئٹہ سمیت خضدار ، قلعہ سیف اللہ، چمن ، قلعہ عبداللہ میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں زیارت، کان مہترزئی، رود ملازئی، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، قلات، ہر بوئی اور کوژک ٹاپ پربرفباری کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق کلفٹن، ڈیفنس، کینٹ اسٹیشن کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن، موٹر سائیکل سوار سلپ ہونے سے معمولی زخمی ہو گئے۔
لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، پہاڑوں پر برفباری، موسم سرد ہو گیا
Feb 12, 2018