مسجد الحرام میں خاص عبادت گزاروں کے لیے تین جگہیں مختص

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی الحرمین الشریفین کے امور کی ذمے دار جنرل پریزیڈینسی نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں خاص افراد کے لیے عبادت کی غرض سے تین جگہیں مختص کردی ہیں۔ وہ وہاں پنج گانہ نمازوں کے علاوہ حج اور عمرے کے دوران بھی عبادت کرسکتے ہیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مسجد الحرام میں تین قسم کے معذورین کے لیے نماز کی تین جگہیں مختص کی گئی ہیں۔ ایک جگہ قوتِ سماعت سے محروم افراد، ایک بصارت میں کمی یا بینائی سے محروم افراد اور ایک جسمانی معذور افراد کے لیے مختص کی گئی ہے۔ جسمانی معذور افراد کو پورا ہفتہ اور چوبیس گھنٹے عبادت کے لیے مختص جگہ تک رسائی حاصل ہوگی۔ البتہ قوت سماعت سے محروم افراد کے لیے مختص جگہ صرف جمعہ کی صبح سے کھلی ہوگی۔پریزیڈینسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے حال ہی میں اس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد اللہ کے خاص ان مہمانوں کو مناسک حج اور نمازوں کی باسہولت اور آسانی سے ادائی کے لیے بہتر خدمت مہیا کرنا ہے اور ہم ان خاص افراد کو درکار تمام ضروری خدمات مہیا کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن