پشاور (بیورو رپورٹ) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ریاست ہے اور وہ کسی کی ڈکٹیشن قبول نہیں کرے گا۔ پاکستان کو پورا حق حاصل ہے کہ وہ اپنے قومی مفادات کے حصول کیلئے آزادانہ طور پر اپنی خارجہ پالیسی کے مطابق کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ کے گائوں شیرپاؤ میں سابق گورنر خیبر پی کے حیات محمد خان شیرپاؤ شہید کی 43 ویں برسی کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ شہید قائد نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ایک ایسی مثال قائم کی جو کہ ہر سیاسی کارکن کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عالمی قوتوں کی طرف سے ہندوستان کی طرف جھکائو نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ ہم اس کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ماضی میں بہترین تجارتی روابط قائم تھے تاہم دونوں جانب معاشی استحکام کو بڑھانے کیلئے افغانستان کو بھی سی پیک میں شامل کرنے کیلئے راہ ہموار کی جائے تاکہ خطے میں معاشی خوشحالی اور پائیدار امن کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اسلا م آباد میں جاری قبائل جرگہ کے تمام مطالبات کو فی الفور منظور کریں اور نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔ پی ٹی آئی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے عوام سے تبدیلی کے نام پر ووٹ لیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج انکی حکومت ختم ہونے کے قریب لیکن تبدیلی تو دور بلکہ کمزور طرز حکمرانی کی بدولت شہریوں کو مزید مشکلات میں دھکیل دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بلین ٹیریز ، پشاور بیوٹیفیکیشن اور دیگر اہم منصوبوں میں جن بے ضابطگیوں کی نشان دہی ہوئی ہے نیب کے ذریعے اسکی تحقیقات کی جائے۔
پاکستان آزاد و خود مختار ریاست، کسی کی ڈکٹیشن قبول نہیں کریگا: شیرپاؤ
Feb 12, 2018