قادیانیت کے خلاف ووٹ ڈالنے والے اراکین اسمبلی وکونسل اور انکے والدین خوش نصیب ہیں: وزیراعظم آزادکشمیر‘ سویرا زیادتی کیس کا نوٹس بھی لے لیا

Feb 12, 2018

سوہاوہ‘ مظفرآباد (صباح نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ 6تاریخ کو قادیانیت کے فتنے کو ختم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرنے والے قانون ساز اسمبلی و کونسل کے اراکین اور ان کے والدین خوش نصیب ہیں کہ انہوں نے نبی کریمؐ کی حرمت و ختم نبوت کے حوالے سے اپنا کردار ادا کیا اس کام کا آغاز 1973میں ہوا تھا رب العزت ہم سب کو حضورؐ کا حقیقی معنوں میں سپاہی بنا کر انسانی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ جنہوں نے ووٹ ڈالا میرا ایمان ہے کہ انہیں رسولؐ کی روز محشر شفاعت نصیب ہوگی، کچھ لوگ ایسے بدبخت ہیں جنہیں یہ سعادت حاصل نہیں ہوئی وہ والدین خوش نصیب ہیں جن کی اولاد نے اس میں حصہ ڈالا۔ سید شوکت شاہ اور ان کے خاندان کی نظریہ پاکستان اور تحریک آزاد ی کشمیر کے حوالے سے بڑی خدمات ہیں۔ سید شوکت شاہ کی والدہ ایک نیک پارسا خاتون تھیں جن کے لیے یہ سعادت ہوگی کہ ختم نبوت کے لیے ان کے بیٹے نے اپنا آئینی حق استعمال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر خوراک سید شوکت شاہ کی والدہ مرحومہ کی برسی کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، سید شوکت علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے سویرا زیادتی کیس کا نوٹس لے لیا۔ ایس ایس پی میرپور ریاض حیدر بخاری سے رپورٹ طلب کرلی، ایس ایس پی میرپور نے وزیراعظم کو کیس کے تمام پہلوئوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پولیس نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ کے ساتھ ہی لڑکی کے بیان کے مطابق مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جبکہ ملزم سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں