دبئی (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے تمام ٹیمیں دبئی پہنچ گئیں،۔ پی ایس ایل کا چوتھا کرکٹ میلہ 14 فروری کو سجے گا جس کی ٹرافی کی رونمائی آج دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہوگی اس موقع پر تمام چھ ٹیموں کے کپتان بھی موجود ہوں گے اور ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی کیا جائے گا جبکہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی پریس کانفرنس سے بھی خطاب کرینگے افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے فنکاروں کی پریس کانفرنس ایک دن بعد 13 فروری کو ہوگی پی ایس ایل کی افتتاح تقریب کو جنون‘ بونے ایم‘ عائمہ بیگ‘ شجاع حیدر ‘ فواد خان اور ینگ دیسی چار چاند لگائیں گے پریس کانفرنس کے موقع پر تمام فنکار بھی موجود ہوں گے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور کراچی کنگز کی ٹیمیں گزشتہ شب دبئی پہنچیں جب کہ دیگر ٹیمیں پہلے ہی دبئی پہنچ چکی تھیں۔ لاہور قلندرز نے صبح کے وقت سیشن میں ٹریننگ کی اور کراچی کنگز کی ٹیم دوپہر کے سیشن میں پریکٹس کرے گی۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان بھی دبئی روانہ ہوگئے جو پی ایس ایل تقریبات میں شرکت کریں گے۔14 فروری کو پی ایس ایل فور کی افتتاحی تقریب سے پہلے احسان مانی کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوگا اور 16 فروری کو وہ وطن واپس آئیں گے۔ذرائع کے مطابق وسیم خان دبئی میں آج پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیموں کے درمیان میچ دیکھیں گے۔انگلش کرکٹر سمت پٹیل نے دبئی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں مقابلے کا معیار کافی بلند ہے، دنیا بھر کے ٹاپ کوالٹی بولرز ہیں جنہیں کھیلنا آسان نہیں۔سمت پٹیل نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان آیا تھا، بہت زبردست لگا، اس بار بھی آؤں گا، کراچی کے شائقین نے گزشتہ سال فائنل کی جیت کو اور بھی یادگار بنا دیا تھا۔