افغانستان سے ابھی واپس جانے کا ارادہ نہیں‘ ترجمان امریکی فوج : قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک کا اچا نک دورہ کابل

کابل(صباح نیوز+ اے این این+نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان کرنل ڈیوڈ بٹلر نے کہا ہے کہ امریکی فوج ابھی افغانستان سے جا رہی اور نہ ہی امریکی فوج کی تعداد میں کمی کی جا رہی ہے۔افغان میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی افغانستان سے جانے کا کوئی ارادہ نہیں ، ہماری سپورٹ افغان سکیورٹی فورسزکے ساتھ ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی یہی کہا ہے کہ ابھی ہم افغان فورسز کی معاونت کر رہے ہیں۔امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھی بتایا ہے کہ سب کچھ طے ہونے تک کچھ بھی طے نہیں ہوگا، ہم یہاں ہیں اور افغان فورسز کے ساتھ روز جنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔امریکی فوج کی تعداد میں کمی کرنے کا بھی ابھی کوئی ارادہ نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغان عوام کے ساتھ ہمارے مشترکہ مفادات ہیں۔امریکہ کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شانہان نے کابل کا اچانک دورہ کیا۔ ترجمان پینٹاگون کے مطابق امریکی قائم مقام وزیر دفاع نے افغان صدر اشرف غنی اور امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔ افغان صدر اشرف غنی سے امریکہ افغان تعلقات کیلئے اہم دفاعی امور پر بات چیت ہوئی۔ افغانستان میں سیاسی مفاہمتی عمل کامیاب کرانے پر بھی بات کی گئی۔
ترجمان امریکی فوج

ای پیپر دی نیشن