حکومت پنجاب کی تمام جیلوں میں قیدیوں کو ذمہ دار شہری بنانے پر توجہ دے رہی ہے

راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹرسے) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کی تمام جیلوں میں سزا بھگتنے والے قیدیوں کوعلم اور زندگی گزارنے کے فنون سکھا کر معاشرے کا مفید اور ذمہ دار شہری بنانے پر پوری توجہ دے رہی ہے ۔ جیلوں میں لٹریسی سنٹرز اور دیگر علوم و فنون سکھانے کے خصوصی مراکز قائم کئے جائیں گے اور جیلوں کو ایسے سنٹرز میں تبدیل کیا جائیگا جہاں مجرم اپنی گذشتہ مجرمانہ زندگی پرخود ندامت محسوس کرکے تائب ہونگے اور ان کی اصلاح ہوگی ۔ انہوں نے یہ بات سنٹرل جیل اڈیالہ کا تفصیلی دورہ کرنے کے موقع پر جیل حکام اور قیدیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر جیل سپرینٹنڈنٹ ایس ایس پی منصور اکبر ، غیر رسمی بنیادی تعلیم کے حکام ، مسعود شاہ ایڈووکیٹ ملک ظفر اعوان،سلطان فیض، حافظ زاہداور جیل افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ راجہ راشد حفیظ نے جیل میں قائم لٹریسی سنٹر ، ہسپتال ، لنگر خانے اور قالین بانی سمیت دیگر سنٹروں کا تفصیلی معائینہ کیا اور قیدیوں سے ان کے مسائل معلوم کئے ۔ انہوں نے قیدی خواتین کی بیرکوں کا بھی خصوصی دورہ کیا اور خواتین قیدیوں میں چادریں تقسیم کیں۔راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ نفرت کسی انسان سے نہیں بلکہ اس کے ان اعمال سے ہے جو معاشرے میں خرابی پیدا کرتے ہیں ۔ لوگوں کے مالی حالات اور مختلف سماجی عوامل ان کو جرائم پر مائل کرتے ہیں جنہیں اخلاقی تربیت اور تعلیم کی ضرورت ہوتی ہے ۔ راجہ راشد حفیظ نے جیل سپرینٹنڈنٹ اور دیگر حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ قیدیوں سے اچھا برتائو روا رکھیں اور اپنے رویوں سے بھی قیدیوں کی اصلاح میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے متعدد قیدیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

ای پیپر دی نیشن