پی ایس ایل،جونٹی رھوڈز پاکستان میں کمنٹری کے لیے پرجوش

Feb 12, 2019

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ کے سابق مشہور کرکٹر جونٹی رھوڈز کو مائیکل سلیٹر کی جگہ پاکستان سپرلیگ کے لیے کمنٹری ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جس پر انہوں نے پاکستان اور دبئی جانے کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کااظہار کیا۔پی ایس ایل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مائیکل سلیٹر ذاتی وجوہات کے باعث اس مرتبہ کمنٹری نہیں کریں گے جس کے بعد جونٹی رھوڈز کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کمنٹری کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جونٹی رھوڈز نے کہا کہ پاکستان کے مختلف دوروں میں بہترین یادیں ہیں اس لیے آپ تصور کرسکتے ہیں میں پی ایس ایل 2019 کی کمنٹری ٹیم میں شامل ہونے کے لیے متحدہ عرب امارات اور پاکستان جانے کے لیے کتنا پرجوش ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ کریئر کے دوران وہاں میں نے کھیلنے علاوہ کوچنگ کی، میں جانتا ہوں کہ اس ملک میں کتنا پرجوش ٹیلنٹ ہے اور ایونٹ اور کھلاڑیوں کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔خیال رہے کہ جونٹی رھوڈز بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کیبعد کوچنگ، کمنٹری اور براڈ کاسٹنگ میں مخلتف عہدوں پر کھیل سے جڑے ہوئے ہیں۔جونٹی رھوڈز 21 فروری کو شارجہ میں پی ایس ایل 2019 کے پہلے راونڈ میں شامل ہوں گے اور پاکستان میں ہونے والے میچوں سمیت ٹورنامنٹ کے اختتام تک کمنٹری ٹیم کا حصہ رہیں گے۔پی ایس ایل 2019 کا آغاز 14 فروری کو دبئی میں ہوگا جہاں افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ ہوگا۔

مزیدخبریں