لندن (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ڈکشنری میں’’ڈیل‘‘ کا لفظ نہیں ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اور فیصل واوڈا کی بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق فارنزک شواہد جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں یہ شواہد آئندہ چند روز میں پاکستانی عدالتوں میں پیش کئے جائیں گے۔ علیمہ خان ، عمران خان کی بے نامی دار ہیں ، علیمہ خان کی کوئی حیثیت ، کاروبار اور کوئی جائیداد نہیں ۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اگر نواز شریف نے ڈیل کرنی ہوتی تو وہ بیگم کلثوم نواز کو لندن میں بستر علالت پر چھوڑ کر پاکستان واپس نہ آتے ، اگر ڈیل کرنی ہوتی تو وہ نا اہلیت سے بچنے کے لئے ا ستثنیٰ کی آپشن کو استعمال کرتے تاہم انہوں وہ آپشن استعمال نہیں کی، ڈیل کا لفظ میاں نواز شریف کی ڈکشنری میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی جدوجہد پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں ، اگر کوئی این آر او لینا ہوتا تو الیکشن سے پہلے کوئی این آر او کی بات ہوتی۔
نواز شریف کی ڈکشنری میں’’ڈیل‘‘ کا لفظ نہیں،رانا مشہود
Feb 12, 2019