ملتان (آئی این پی) ملتان میں میوزک کنسرٹ کے دوران شائقین اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھگڑے کے باعث پی ٹی آئی رہنما ومعروف گلوکار ابرارالحق کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ جھگڑے کے نتیجے میں بھگدڑ مچنے سے متعدد نوجوان زخمی ہوگئے۔ پرانا شجاع آباد روڈ پر ایک ہائوسنگ کالونی کی انتظامیہ کی جانب سے میوزک کنسرٹ کا انعقاد کرایا گیا تھا، جس میں گلوکار ابرار الحق پرفارم کر رہے تھے۔ بھگدڑ مچ گئی، ابرار الحق کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ اس دوران کچھ منچلے نوجوان ڈانس کرنے کے لیے سٹیج پر چڑھ گئے، جس سے انتظامیہ اور نوجوانوں میں جھگڑا شروع ہوگیا۔ جھگڑے کے دوران بھگدڑ مچ گئی، جس کے بعد خواتین اور بچے چیخیں مارتے رہے۔ جھگڑے کے نتیجے میں کئی نوجوان زخمی بھی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا اور لائٹیں بند کرد ی گئیں۔ جس کے بعد گراؤنڈ کو خالی کرا لیا گیا، دوسری جانب جھگڑے کے بعد ابرار الحق کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے۔