لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان سوپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاویدکا کہنا ہے کہ کپتان محمد حفیظ 14 فروری کو کھیلے جانے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ایکشن میں ہوں گے اور اے بی ڈویلیرز کی موجودگی میں قلندرز کی بیٹنگ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ پہلے تین سیزن میں نتائج کے اعتبار سے لاہور قلندرز خاصے پیچھے رہے، البتہ اس بار بہتر نتائج کے معاملے میں انھیں اپنی ٹیم سے بڑی توقعات ہیں۔میڈیا سے گفتگو میںعاقب جاوید کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز متوازن ٹیم ہے اور سب سے بڑھ کر محمد حفیظ کی کپتانی اہم پہلو ہے جب کہ مایہ ناز کھلاڑی اے بی ڈی ویلئیرز کی موجودگی میں قلندرز کی بیٹنگ کوئی دو رائے نہیں کہ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کی فٹنس رپورٹ خاصی مثبت ہے اور یقین رکھتے ہیں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایونٹ کے افتتاحی میچ میں محمد حفیظ ہی لاہور قلندرز کی قیادت کرتے دکھائی دیں گے۔افتتاحی میچ پر گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ یہ ہمارے لئے پہلا تجربہ ہے، پہلے تین سیزن میں ہم کبھی پہلا میچ نہیں کھیلے، اس بار ہمیں یہ موقع مل رہا ہے تاہم ہم پر کوئی دباؤ نہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے لئے پہلا میچ ہی نہیں پہلے تین میچ اہمیت کے حامل ہیں جو انہیں چار دن میں کھیلنا ہوں گے۔
محمد حفیظ پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں شریک ہونگے:عاقب جاوید
Feb 12, 2019