اسلام آباد (وائس آف ایشیا + صباح نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ میری ٹائم خطرات اور ابھرتی ہوئی صورت حال خطے کے سٹیک ہولڈرز کے لیے نئے چیلنجز کا سبب ہے۔ کثیرالقومی بحری مشق امن 2019 کے تحت منعقدہ بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس کے تیسرے روز اختتامی سیشن ہوا۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک تھے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی موجود تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس میں چھیالیس ممالک کے شرکاء نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سی پیک صحیح معنوں میں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ میری ٹائم سیکٹر کے ساتھ ساتھ پاکستان بحریہ کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لیے حکومت بھرپور تعاون کرینگے۔ ترجمان کے مطابق میری ٹائم سیکٹر کی آگہی اجاگر کرنے کے لیے وزیر دفاع نے پاکستان نیوی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کی کاوشوں کو سراہا۔ آٹھویں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس 2019 کے دوسرے دن میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور مواقع کا موضوع زیرِ بحث رہا، کانفرنس میں دنیا بھر سے مندوبین، مسلح افواج کے افسران، بین الاقوامی محققین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پہلے اور دو سرے سیشن کی صدارت وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت اور پاکستان انسٹیٹیوٹ برائے بین الاقوامی تعلقات کی ڈاکٹر معصومہ حسن نے کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ عصر حاضر کے میری ٹائم چیلنجز اور بدلتا ہوا جغرافیائی منظرنامہ خطے کے شراکت داروں کے لئے نئے چیلنجز اور خطرات کا باعث ہے۔ موجودہ صورتحال ایک تعمیری بحث اور اس کے نتیجے میں ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ کانفرنس نے دنیا بھر سے آئے سکالرز کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جہاں وہ عصری بحری چیلنجز پر غور کر سکیں اور بحری امور میں اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکیں۔ وزیر دفاع نے کانفرنس میں شریک ہونے والے تمام مہمانوں ، پینل ممبرز اور وفود کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کو مبارک باد پیش کی۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خطے میں حالیہ ابھرتی ہوئی بحری صورتحال کے تناظر میں پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔ سی پیک اور گوادر پورٹ کی ترقی کے ساتھ جنوبی بحر ہند میں بحری سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ بحری ماحول اور سمندری تجارت کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہو گا۔قبل ازیں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے ڈائریکٹر جنرل ،وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) سید خاور علی شاہ نے کانفرنس کے دوران پیش کئے جانے والے مقالوں کا خلاصہ پیش کیا۔