لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کی جانب سے قومی اسمبلی کے فلور پر تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو چھوٹا آدمی کہہ کر مخاطب کرنے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی نظر میں بڑا آدمی شاید وہ ہوتا ہے جو اومنی گروپ بنا کر کھربوں ڈالر کی لوٹ مار کرے اور جو اقتدار میں رہتے ہوئے جعلی کمپنیاں بنا کر اقربا پروری کرتے ہوئے اپنے خاندان اور رشتہ داروں کو نوازے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بڑے پن کے اس معیار پر تو صرف آصف اور بلاول زرداری ہی پورے اتر سکتے ہیں۔ عمران خان نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول زرداری کے مطابق وزیراعظم عمران خان احساس پروگرام کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور افسران کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں جاری کرپشن کو پکڑا۔ پیپلزپارٹی کے قائدین اور رہنمائوں کی کرپشن کی چھتری تلے سینکڑوں کارکنان اور سرکاری افسران غریب عوام کا حق کھا رہے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہید بینظیر بھٹو کے نام پر غریبوں کیلئے بنائے گئے پراجیکٹ کو بھی نہیں بخشا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو احساس پروگرام نہیں اپنی کرپشن کے ایجنڈے کا ایکسپوز ہونا تکلیف دے رہا ہے۔