لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے صاف انکار کردیا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ پاکستان سپر لیگ کے بعد اپریل میں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی جس پر پی سی بی کو بنگلہ دیش کے ردعمل کا انتظار تھا۔اس حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے خدشات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ سے بات چیت کی تو وہ پنک بال سے کھیلنے کے لیے رضامند نہیں ہوئے کیونکہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیم کی تیاری نہیں ہے۔چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کے نکتہ نظر اور خیالات کو سمجھتے ہوئے یہ فیصلہ ہوا کہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔پی سی بی کے ترجمان سمیع برنی نے کہا کہ شائقین کی دلچسپی اور میدان میں رونقیں بڑھانے کیلئے کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی لیکن بنگلہ دیشی ٹیم اس کیلئے تیار نہیں ہے لہٰذا اپریل میں روایتی انداز میںٹیسٹ میچ دن کے وقت ہی کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش کا پاکستان کیخلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار
Feb 12, 2020