ملکہ برطانیہ کے بڑے نواسے پیٹر فلپس کی اہلیہ سے علیحدگی، طلاق جلد ہوگی: شاہی ترجمان کی تصدیق

Feb 12, 2020

لندن (نیٹ نیوز) برطانوی ملکہ الزبتھ کے سب سے بڑے نواسے پیٹر فلپس اور ان کی اہلیہ اوٹم کیلی کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ شاہی خاندان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملکہ الزبتھ کے نواسے پیٹر فلپس اور ان کی کینیڈین اہلیہ اوٹم کیلی کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے اور جلد ان کے درمیان طلاق ہوجائے گی۔ پیٹر فلپس ملکہ برطانیہ کی اکلوتی بیٹی شہزادی اینی کے پہلے شوہر مارک فلپس کے بیٹے ہیں جن کے پاس کوئی شاہی ذمہ داری نہیں ہے اور نہ ہی وہ عوامی فنڈز حاصل کرتے ہیں۔ پیٹر فلپس اور اوٹم کیلی نے 2008 میں شادی کی تھی جس کی فوٹو البم 5 لاکھ پاؤنڈز میں مقامی میگزین کو بیچی گئی تھی جبکہ ان کی 2 بیٹیاں بھی ہیں جن کی عمریں بالترتیب 9 اور 7 سال ہیں۔ ترجمان کے مطابق جوڑے نے گزشتہ سال ہی ملکہ الزبتھ اور خاندان کے دیگر افراد کو علیحدگی سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔ پیٹر فلپس ہانگ کانگ میں رہائش پذیر ہیں اور کھیل اور انٹرٹینمنٹ کی ایجنسی چلارہے ہیں۔

مزیدخبریں