اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اپنے استعفے کی تردید کی ہے۔ یہاں گفتگو کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا کہ عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا۔ فی الحال خرابی صحت کی وجہ سے ذمہ داریاں نہیں سنبھال رہا۔ واضح رہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی رواں ماہ دوسری مرتبہ رخصت پر گئے جس کی وجہ انہوں نے خراب صحت بتائی ہے جبکہ شبر زیدی کے عہدہ چھوڑنے کی خبریں بھی زیرگردش ہیں۔ اور یہ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم شبر زیدی کی جگہ اب کسی اور کو ایف بی آر کا چیئرمین لگائیں گے۔ گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے بھی جانے کی خبریں زیرگردش تھیں جن کی کل وزیراعظم نے تردید کی ہے۔ دریں اثناء حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی طبیعت بہتر نہ ہوئی تو ان کا متبادل دیکھیں گے۔ اپنے ایک بیان میں حفیظ شیخ نے کہاکہ شبر زیدی میرے فیورٹ ہیں، ان کی طبیعت بہت خراب ہے اور وہ لمبی چھٹیوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شبر زیدی کی واپسی کا فیصلہ ڈاکٹر ہی کریں گے، اگر ان کی طبیعت بہتر نہ ہوئی تو متبادل دیکھیں گے اور نیا چیئرمین ایف بی آر اگر تلاش کیا تو شبر زیدی کی مشاورت سے کریں گے۔