اسلام آباد (آئی این پی ) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری اور دیگر ملزمان کیخلاف فرد جرم کی کارروائی 3 مارچ تک موخر کردی ہے۔منگل کو احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سماعت کی ۔ عدالت نے پارک لین ریفرنس میں فرد جرم کی تاریخ مقرر کر رکھی تھی جس کیلئے عدالت نے تمام ملزمان کوحاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی، نیب کی جانب سے زین ملک کی پلی بارگین پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی ۔آصف زرداری اور دیگر ملزمان کیخلاف فرد جرم کی کارروائی 3 مارچ تک موخر کردی گئی ہے۔آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو متعدد امراض لاحق ہیں،سابق صدر کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، ڈاکٹر نے آصف زرداری کو سفر کرنے سے منع کر رکھا ہے، نیب نے بلاول بھٹو کو پھر طلب کرلیا ہے،جس کیس میں بلاول کو طلب کیا ہے اس سے بلاول بھٹو کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق نائیک نے کہا کہ نئے آرڈیننس کے تحت یہ کیس اس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، جے وی اوپل کیس کا قومی خزانہ سے کوئی تعلق نہیں ہے،اس کیس میں بلاول نے اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹوحکومت کیخلاف جب بات کرتے ہیں تو نیب طلبی کے نوٹس شروع ہوجاتے ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین نیب بلاول بھٹو کیخلاف کال اپ نوٹس واپس لیں،چیئرمین نیب ایک لائق آدمی ہے، امید ہے کہ وہ بلاول طلبی کا نوٹس واپس لیں گے