تیسری شادی کا انجام، پہلی بیوی نے دلہا کی درگت بناڈالی

Feb 12, 2020

کراچی (خبر نگار) شہری کو تیسری شادی کرنا مہنگا پڑگیا اور پہلی بیوی اور اس کے اہلخانہ نے دلہا کی درگت بنا ڈالی، جس کے بعد اسے زخمی حالت میں تیموریہ تھانے منتقل کردیا گیا،واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ کراچی کے نارتھ ناظم آبادبلاک ایل میں شادی ہال میں آصف رفیق نامی شخص کے ولیمے کی تقریب جاری تھی کہ اچانک اس کی پہلی بیوی مدیحہ اور سسرالی رشتے داروں نے ہال پر دھاوا بول دیا۔پہلی بیوی نے کہا کہ آصف اور اس کے گھر والوں نے جھوٹ بولا کہ وہ حیدرآباد جارہا ہے اور یہاں وہ شادی رچا تھا، آصف نے پہلے سے دو شادیاں کی ہوئی تھیں جنہیں وہ بتائے بغیر چھپ کر تیسری شادی کر رہا تھا۔ پہلی بیوی اور اس کے اہل خانہ نے ہال میں مہمانوں کے سامنے آصف کی پھینٹی لگادی۔ دلہا کے کپڑے تار تار ہو گئے جس پر اس نے ٹیبل کے کور سے اپنے جسم کو ڈھانپا۔پہلی بیوی کے مطابق آصف نارتھ کراچی کا رہائشی اور وفاقی اردو یونیورسٹی کا ملازم ہے۔آصف لڑکیوں کو جھانسہ دے کر شادیاں کرتاہے۔ آصف رفیق سے اس کی 2014 میں شادی ہوئی تھی جس سے اس کا ایک بیٹا بھی ہے، اس نے مجھ سے جھوٹ بول کر جناح یونیورسٹی کی ملازم لڑکی سے دوسری شادی کی، جب مجھے اس شادی کے بارے میں معلوم ہوا تو اس نے مجھ سے معافی مانگی اور کہا کہ میں تمھارے ساتھ ہی رہوںگا جس پر میں نے اسے معاف کر دیا لیکن اب اس نے کچھ دوبارہ جھوٹ بول کر تیسری شادی بھی کرلی۔ آصف کی پہلی بیوی ہونے کی دعوے دارخاتون کے مطابق دولہے کے خلاف دھوکے بازی کی ایف آئی آر پہلے بھی کٹ چکی ہے۔پولیس ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملنے پر شادی ہال پہنچی جہاں اس نے دلہا کو سسرالی رشتے داروں کے تشدد سے بچایا اور تھانے منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں ولیمے کی تقریب جاری تھی کہ دلہے کی پہلی بیوی بچے کے ہمراہ پہنچ گئی اور دولہے آصف کا پول کھول دیا کہ یہ تو اس کی تیسری شادی ہے۔دولہے کی اصلیت جاننے کے بعد لڑکی کے اہلخانہ اور شادی کی تقریب میں آنے والے مہمانوں نے اس پر تشدد کیا اور دلہے کے کپڑے پھاڑ دیئے۔واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ویڈیو میں دولہے کے پھٹے کپڑے دیکھے جا سکتے ہیں ۔

مزیدخبریں