وفاقی کابینہ کی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے امدادی پیکج کی منظوری

وفاقی کابینہ نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رکھنے کے لئے دس ارب روپے کے ایک امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں موجودہ مہنگائی کی باقاعدگی سے نگرانی اوراس پرقابوپانے کے لئے ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم چینی کے تاجروں اورمافیاکاگٹھ جوڑ ختم کرنے کے لئے کسی بھی حدتک جانے کے لئے پُرعزم ہیں۔امدادی پیکج کے مطابق حکومت آٹا، چینی، چاول،دالیں اورگھی کی سستے نرخوں پرفراہمی کے لئے یوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن کواگلے پانچ ماہ کے لئے دوارب روپے ماہانہ فراہم کرے گی۔بیس کلوآٹے کاتھیلاآٹھ سوروپے ،چینی سترروپے اورگھی ایک سوپچھترروپے کلوفراہم کیاجائیگا۔اسی طرح چاول اوردالوں کی قیمتیں بھی پندرہ سے بیس فیصد کم کی جائیں گی۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے تعاون سے ملک بھرمیں کامیاب جوان پروگرام کے تحت دوہزاریوتھ سٹورز کھولے جائیں گے۔حکومت کے اس اقدام سے چارلاکھ نوجوانوں کوبلاواسطہ جبکہ آٹھ لاکھ افرادکوبالواسطہ فائدہ پہنچے گا۔کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیاگیاکہ یوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ نان بائیوں اورچھوٹی دکانوں کوسستے نرخوں پرفراہم کرے گی۔رمضان سے قبل راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے جس کے ذریعے غریب اورمستحق لوگ روزمرہ استعمال کی اشیاء پچیس سے تیس فیصدسستی خریدسکیں گے۔
 

ای پیپر دی نیشن