کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کے واقعات پاک فوج کا دندان شکن جواب

کنٹرول لائن کے جنڈروٹ سیکٹر پر بھارتی فوج نے فائرنگ کی ،توپوں سمیت بھاری ہتھیار استعمال کیے گئے جبار،ساندھرا،سنبل گلی ،ریسی دیہات کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں بچوں اور خواتین سمیت 10شہری زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج کی دندان شکن جوابی کارروائی سے ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوا اور میجر سمیت 3بھارتی فوجی شدید زخمی ہوگئے ۔ نکیال سیکٹر پر بھی گذشتہ روز بھارتی افواج کی گولہ باری سے ایک خاتون زخمی ہو گئی تھی، گولہ باری سے معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیںاور لوگ گھروں میں عملاً مقید ہیں۔کنٹرول لائن معاہدے کی خلاف ورزی اور پاکستان کے سرحدی دیہات پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ کنٹرول لائن معاہدے کی خلاف ورزی کو خطے کی سلامتی کے لیے سنگین کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے سخت تنبیہ کی گئی ۔
بھارتی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پر فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں روا رکھے جانیوالے مظالم اور مسلمانان بھارت سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت آئے روز کنٹرول لائن پر عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کر کے غیر اعلانیہ جنگی صورتحال پیدا کئے رکھتا ہے تاکہ کنٹرول لائن کے آس پاس پاکستانی علاقوں کی آبادیوں کو خوفزدہ کئے رکھے۔ کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری کے نتیجہ میں اب تک بیسیوں شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ بھارتی گولہ باری سے مکانات کو بھی نقصان پہنچ چکا ہے اس حوالے سے بھارتی کرتوتوں سے مہذب دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے پاکستان دنیا بھر کے سفارتکاروں کو کنٹرول لائن کے آس پاس کے سرحدی علاقوں کا دورہ بھی کرا چکا ہے لیکن اس کے باوجود بھارت اوچھے ہتھکنڈوںسے باز نہیں آ رہا اور مختلف اوقات میں پاکستان کے سرحدی علاقوں کو نشانہ بناتا رہتا ہے۔ گزشتہ روز کی بھارتی گولہ باری پر پاک فوج کے جرأتمندانہ جواب نے بھارتی نشہ ہرن کر دیا۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں ’’لگائے ظلم کے بازار‘‘ سے دنیا کی توجہ ہٹا سکتا ہے نہ انسانیت کو کچلنے کے لیے بنائے گئے متنازعہ قانون شہریت کو مہذب دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھ سکتا ہے۔ 6 ماہ سے زائد کے بدترین کرفیو اور مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کئے جانے کے باوجود بھارتی فوجیوں کی گولیوں کے مقابلے میں ’’توتیر آزما، ہم جگر آزمائیں‘‘ کے مصداق ہر نئی صبح کشمیریوں کے نئے جذبۂ آزادی سے طلوع ہوتی ہے۔ گزشتہ روزکشمیری حریت پسند رہنما افضل گورو شہید اور مقبول بٹ شہیدکی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے ویڈیو پیغام میں اپنے عزم حریت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کلمہ طیبہ مشن، پاک سرزمین راستہ اور نعرہ ہے لہٰذا مودی سرکار کو چاہئے کہ وہ اپنے ملک میں بھی اقلیتوں کو جینے دے، کشمیریوں کو ان کی مرضی سے الحاق کا فیصلہ کرنے دے اور پاکستان جیسے اچھے پڑوسی کے ساتھ اچھے پڑوسیوں کی طرح رہے۔

ای پیپر دی نیشن