اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کے 1502نئے مریض رپورٹ جبکہ مزید 55 افراد انتقال کرگئے۔ مجموعی کیسز 5 لاکھ 59 ہزار 93 ہوگئے جبکہ اموات 12 ہزار 197 تک پہنچ گئیں۔ 1732 مریض صحتیاب ہوئے، تعداد 5 لاکھ 16 ہزار 683 ہوگئی۔ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 30 ہزار 225 رہ گئی۔ صوبہ سندھ میں مزید 423 کیسز، مزید 12 مریضوں کا انتقال ہوا۔ صوبہ پنجاب میں 634 نئے کیسز، مزید 34 مریض لقمہ اجل بنے ۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 186 افراد متاثر، مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا۔ صوبہ بلوچستان میں 7 کیسز رپورٹ،اموات 197 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 91 کیسز، اموات 481 پر برقرار ہیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 43 متاثر، 3 مریضوں کے انتقال کی تصدیق ہوئی، گلگت بلتستان میں 3 نئے کیس، اموات 102 پر برقرار ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے بدھ کو اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے 65 سال اور زائد والوں کی رجسٹریشن شروع کریں گے رجسٹر افراد کی کرونا ویکسینیشن مارچ میں شروع کر دی جائے گی۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 2364881، مصدقہ کیسز 10کروڑ 78لاکھ 51ہزار سے تجاوز کر گئے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے 65 برس سے زائد عمر کے افراد کو آکسفورڈ ویکسین لگانے کی سفارش کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق ویکسین جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف بھی موزوں، شدید بیماری اور موت سے بچاتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین کسی بھی عمر کے افراد کو لگائی جا سکتی ہے اور یہ سب کے لیے فائدہ مند ہے۔ برطانیہ میں کرونا سے متعلق نئی احتیاطتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والے بیرون ممالک کے مسافروں پر بھاری جرمانہ اور سخت سزائیں عائد کی گئی ہیں جس میں دس سال قید کی سزا بھی شامل ہے۔ برطانیہ میں کرونا کی نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔
سالہ افراد کی رجسٹریشن اگلے ہفتے شروع ، ویکسین مارچ میں لگے گی : اسد عمر
Feb 12, 2021