متروکہ وقف املاک بورڈ مندروں‘ گوردواروں کی بہترین حفاظت کر رہا‘ گوردوارہ پربندھک کمیٹی 

لاہور (نامہ نگار) پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ، سابق پردھان بشن سنگھ اور ہندو راہنما منوہر چاند نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ ملک بھر میں موجود مندروں اور گوردواروں کی بغیر کسی تفریق کے بہترین حفاظت اور مذہبی تقریبات کے انتظامات کے لیے اپنا عملی کردار ادا کر رہا ہے۔ ہم ٹرسٹ بورڈ کی انتظامیہ کے اقدامات پر مطمئن ہیں جبکہ کچھ سیاسی عناصر اپنے مذموم عزائم کی خاطر انتظامیہ پر جھوٹے اور بے بنیادالزامات لگانے اور جھوٹی خبریں پھیلانے میں مصروف ہیں۔ اس حوالے سے خاص طور پر ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی جو مختلف انداز سے ٹرسٹ بورڈ پر اپنا ناجا ئز پر یشر ڈالنے کی کوششوں میں مصروف  ہیں اور قابل احترام اداروں کے ساتھ تعلقات اور ان کے فیصلوںکو توڑ مروڑ کر میڈیا میں پیش کر کے غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں۔ ڈاکٹر رمیش کمار کی خواہش ہے کہ وہ کسی طور پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین بن جائیں۔ اس وقت سے لے کر آج تک ڈاکٹر رمیش کمار متروکہ وقف املاک بورڈ کو بدنام کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے ایم این اے رمیش کمار کی ان شر پسندانہ حرکات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کریں تاکہ ملک دشمن عناصر کو شرمندگی اور ناکامی کا سامنا ہو۔

ای پیپر دی نیشن