بلدیاتی انتخابات‘ پنجاب اورکے پی نے ایک بار پھر الیکشن کمشن  سے معذرت کر لی

Feb 12, 2021

اسلام آباد (قاضی بلال ؍وقائع نگارخصوصی) الیکشن کمشن میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پنجاب اور کے پی کے ایک بار پھر سے معذرت کر لی۔ صوبوں کا موقف تھا کہ مردم شماری کے بغیر بلدیاتی انتخابات کرانا غیر قانونی ہوگا۔ الیکشن کمشن نے تمام وضاحتوںکو مسترد کردیا اور کہا کہ مارچ سے پہلے مردم شماری کو مکمل کریں ورنہ بلدیاتی انتخابات کرا دیئے جائیں گے۔ گزشتہ روز الیکشن کمشن میں صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا ہ میں لوکل گورنمنٹس انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سماعت ہوئی۔ صوبائی گورنمنٹ بلوچستان کی جانب سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ کیونکہ مردم شماری2017  کے رزلٹ کی سرکاری اشاعت نہیں ہوئی ‘ صوبائی گورنمنٹ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں کچھ ترمیم کرنا چاہتی ہے۔ ضروری ترمیم  کے لئے  الیکشن کمشن نے 10دن کا ٹائم دیا۔ الیکشن کمشن نے ڈپٹی اٹارنی جنرل  اور سیکرٹری آئی پی سی کو ہدایات جاری کیں کہ معاملہ کو فوری طور پر وفاقی حکومت کے مناسب فورم کے سامنے رکھا جائے اور یکم مارچ سے پہلے پہلے مردم شماری  کے رزلٹ  کی سرکاری اشاعت کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں  الیکشن کمشن  مارچ کے پہلے ہفتے میں دوبارہ سماعت کرے گا۔

مزیدخبریں