کراچی(نیوزرپورٹر)سر براہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کریں ،معاشرے کے پسے ہوئے طبقوں کو بلاتفریق حقوق مہیا کئے جائیں ،دین سے سیاست کو جدا کردیا جائے تو چنگیزیت رہ جاتی ہے ،پاکستان سنی تحریک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،سیاست عوامی مسائل کو حل کرنے اور انسانیت کی خدمت کا نام ہے ،سیاست میں حصہ ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے لیا ہے ،کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ، حکمرانوںنے عوام کو یکساں تعلیم معیار اور صحت مہیا کرنے کی بجائے امیر ی غریبی کے نظام میںتقسیم کردیا ہے ،عوام کو ملک کے آئین کے تحت ان کے حقوق اور مسائل کا حل چاہتے ہیں اور اس کیلئے انشاء اللہ جدوجہد کرتے رہینگے ،محبت ،امن ،بھائی چارگی کے فلسفے کو عام کرکے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری بیان میں کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ نظریہ پاکستان اور قائد اعظم کے سنہری اُصول پر گامزن ہوکر ہی ترقی وخوشحالی اورغریبوں کے مسائل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ،انہوں کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلاف واکابرین نے پاکستان حاصل کرنے کیلئے 22لاکھ جانوں کے نذرانے پیش کئے ،جو قومیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو فراموش کردیتی ہیں تاریخ گواہ ہے اندھیرے ان کا مقدر بن جاتے ہیں ،ہم اپنے اسلاف کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے ،ہمیں یاد ہے پاکستان کتنی مشکلات اور بڑی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا ہے ،بانیان پاکستان کی اولادیں استحکام پاکستان اور سلامتی وخوشحالی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ۔