اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نیپرا نے بجلی83 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔ صارفین کو84 ارب کا اضافی بوجھ اٹھانا پڑے گا۔ اضافے کا اطلاق پاور ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن کے بعد ہو گا۔ مہنگائی میں پسے عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری، نیپرا نے اپریل تا جون2020 ء کی سہ ماہی کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ جس کے تحت بجلی83 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ بجلی صارفین سے اضافی وصولیاں ایک سال میں کی جائیں گی۔ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔