لاہور (نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے پاکستان میں کوریا کے سفر شوسنگ پیو نے اپنی اہلیہ من سن لی کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ وفد میں ڈپٹی آف مشن جون سیو پارک، اسسٹنٹ قونصلر جیونگ اور اویون شامل تھے۔ جبکہ ملاقات میں سالک حسین ایم این اے، چودھری صباحت الہٰی اور شافع حسین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک میں باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ اوور سیز پاکستان کوریا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، کورین حکومت کے شکرگزار ہیں کہ وہ کرونا وبا میں مبتلا اوورسیز پاکستانیوں کی احسن انداز میں دیکھ بھال کر رہی ہے۔ کورین سفیر شوسنگ پیو نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان ہمیشہ سے دوستانہ تعلقات رہے جو دن بدن مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں کرونا وبا کو مثبت حکمت عملی کے تحت کنٹرول کیا جا رہا ہے۔