سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے افتتاح کردہ بحیرہ احمر میں ماحول دوست کورل بلوم منصوبہ پر قریبا تین ارب 70 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔بحیرہ احمر میں واقع ایک جزیرہ میں اس تعمیراتی منصوبہ کا پہلا مرحلہ 2023 میں مکمل ہوجائے گا اور اس کو سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔اس سیاحتی منصوبہ کے بارے میں یہ باتیں بحیرہ احمر ترقیاتی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او)جان پاگانو نے عرب ٹی وی کو ایک خصوصی انٹرویو میں بتائیں۔انھوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا تخمینہ 12 سے 14 ارب ریال(3ارب 20 کروڑ سے 3 ارب 70 کروڑ ڈالر)کے درمیان ہے۔ان کی کمپنی کروناوائرس کی وبا کے بعد سرمایہ کاری کا ایک منفرد پرکشش منصوبہ پیش کررہی ہے۔انھوں نے کہا کہ بحیرہ احمر ترقیاتی کمپنی نے قابل تجدید سیاحت کے لیے ایک خوش نما حکمت عملی اختیار کی ہے۔اس لیے میرے خیال میں ہم جو اقدامات کررہے ہیں،مسافر اور زائرین اس کا خیرمقدم کریں گے۔انھوں نے مزید بتایا کہ ہم سیاحت کا ایک ایسا بڑا مرکز بنا رہے ہیں جس کا 100 فی صد انحصار قابل تجدید توانائی پر ہوگا۔دنیا بھر میں اب تک ایسا کوئی بڑا منصوبہ اب تک نہیں بنایا گیا ہے۔انھوں نے نشان دہی کی کہ کورل بلوم میں دنیا کا سب سے بڑا بیٹری ذخیرہ کرنے کا نظام ہوگا۔ان کے بہ قول اگر ہم قابل تجدید توانائی کے لیے یہ اقدامات نہیں کرتے تو ہم بدستور ماحولیاتی بحران سے دوچار رہتے بالکل اسی طرح جس طرح آج باقی دنیا کو اس بحران کا سامنا ہے۔