مسلم لیگ (ن) کا  سینیٹ انتخابات کے لیے پنجاب سے امیدواروں کا اعلان

مسلم لیگ (ن) نے  سینیٹ انتخابات کے لیے پنجاب سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا  ہے جبکہ خیبرپختونخوا  کے امیدواروں بارے مشاورت جاری ہے ۔پارلیمانی بورڈ نے صوبہ پنجاب سے پارٹی کے 5 رہنماوں کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔ جنرل نشست پر پرویز رشید، مشاہداللہ خان  پروفیسر ساجد میر اور ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پراعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ  امیدوار ہونگے۔خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پروفیسر ساجد میر کو کال کر کے آگاہی دی کہ  پارٹی نے ایک مرتبہ پھر انہیں سینیٹ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ دینے کا  فیصلہ کیا ہے لہذا وہ الیکشن لڑنے کے لیے تیار رہیں۔خیال رہے کہ  پارٹی ٹکٹس کے لیے خواہشمند امیدواروں سے 15 فروری تک درخواستیں طلب کی  گئی تھیں اور ہر امیدوار کے لیے درخواست کے ساتھ 50 ہزار روپے کا بینک ڈرافٹ جمع کرانا ضروری ہے, یہ بھی یاد رہے کہ  ایوانِ بالا کی نشستوں پر امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری 2021 کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔14 فروری کو نامزد امیدواروں کی فہرست آویزاں  جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 سے 16 فروری تک  ہو گی۔جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسران کی جانب سے درست قرار دیئے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی آخری تاریخ 18 فروری مقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں کو 20 فروری تک نمٹا دیا جائے گا۔ٹربیونل کے فیصلوں کی روشنی میں امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو آویزاں کی جائے گی، اسی طرح کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 22 فروری مقرر کی گئی ہے۔بعدازاں امیدواروں کی حتمی فہرستیں 23 فروری کو آویزاں کی جائیں گی، یہ فہرستیں جاری ہونے کے بعد کوئی بھی امیدوار 2 مارچ دوپہر 12 بجے تک مقابلے سے دستبردار ہو سکے گا۔

ای پیپر دی نیشن