اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نگرپارکر کا دورہ کیا اور تمام دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔ انہیں مقامی کمانڈر نے فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے فوجی دستوں کو تفویض کردہ مشن کی تکمیل کے لیے ان کے بلند جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے فوجی جوانوں کو تلقین کی کہ وہ کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج کا موثر جواب دینے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور تربیت پر توجہ مرکوز رکھیں۔ آرمی چیف نے بعد ازاں مقامی ہندو برادری سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں برابر کی شہری ہیں اور ان کی حفاظت کرنا ریاست کا کام ہے۔ ہندو برادری نے ملک میں اقلیتوں کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہندو برادری ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے پورے جوش و جذبے کے ساتھ اپنا حصہ ڈالے گی۔ کور کمانڈر کراچی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) بھی دورے کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔
جوان پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور تربیت پر توجہ مرکوز رکھیں،اقلیتیںبرابر کی شہری،آرمی چیف
Feb 12, 2022