جمہوری استحکام اور حالات کی بہتری کیلئے عمران کو ہٹانا ضروری:بلاول

Feb 12, 2022


مظفر گڑھ+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے ملک تباہ کردیا، کسانوں سمیت تمام طبقوں کا معاشی قتل جاری ہے، حالات کی بہتری اور جمہوری استحکام کے لیے عمران خان کو ہٹانا ضروری ہے۔ نور ربانی کھر کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کے لئے آیا ہوں۔ 27 فروری کے عوامی مارچ کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، جنوبی پنجاب میں مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے آیا ہوں۔ 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور سندھ سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کی اس جدو جہد کا مقصد عوام کے پاس جا کر اپنا پیغام پہنچانا ہے۔ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ مارچ کا مقصد عوام کو بتانا ہے کہ تبدیلی کے نام پر تباہی ہو رہی ہے، کھادوں کے بحران سے کسانوں کا معاشی قتل بھی ہوا ہے، ہر طبقے کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی اور اس بات پر سب متفق ہیں کہ عمران کو تو جانا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے مرحومہ عاصمہ جہانگیر کی چوتھی برسی پر پیغام  میں کہا کہ عاصمہ جہانگیر ایک نڈر، اصول پسند اور باوقار خاتون تھیں،عاصمہ جہانگیر ایک بے مثال کردار کا نام ہے۔بلاول نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی نے طلبہ یونین بحالی کا بل منظور کرکے تاریخ رقم کی۔ سندھ اسمبلی نے طلبہ کے حقوق بحال کئے، طلبہ کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی تھی۔ 

مزیدخبریں